نئی دہلی کے دریائے جمنا میں پانی ایک بار پھر خطرناک لیول سے اوپر چلاگیا

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دریائے جمنا میں پانی ایک بار پھر خطرناک سطح سے اوپر جا پہنچا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کی دوپہر دریائے جمنا میں پانی کی سطح ایک بار پھر خطرناک لیول سے اوپر 205.84 میٹر ریکارڈ کی گئی۔

سینٹرل واٹر کمیشن کے مطابق پیر کی صبح 7 بجے دریائے جمنا میں پانی کی سطح 205.48 میٹر تھی جب کہ اتوار کی صبح 8 بجے یہ سطح 206.02 میٹر تھی لیکن پیر کی دوپہر پانی کی آمد میں اچانک اضافہ ہوا اور پانی کی سطح خطرناک لیول سے اوپر چلی گئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ دریائے جمنا میں پانی کی سطح خطرناک لیول سے اوپر جانے کے باعث شہر میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ نئی دہلی اروند کجریوال نے سیلاب سے متاثرہ فیملیز کے لیے 10 ہزار روپے فی خاندان مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

اروند کجریوال کا کہنا تھا کہ پانی کی سطح آہستہ آہستہ نیچے جارہی ہے، شہری جلد ریلیف کیمپوں سے اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے لیکن ہمیں صورتحال معمول پر آنے تک ان کی مدد کرنا ہے، میں شہریوں سے متاثرہ افراد کی مدد کی اپیل کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے سیلابی صورتحال میں امدادی کارروائیوں میں ساتھ دینے پر فوج، نیوی، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس، محکمہ زراعت اور فلڈ کنٹرول سینٹر کا شکریہ ادا کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر فورس نے شہر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے 17 ٹیمیں تعینات کی ہیں، ٹیموں نے اب تک 1600 سے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں