مائیکرو سافٹ نے 15 سال بعد کیلبری کی جگہ ایک نئے فونٹ کو دے دی

کیلبری اب مائیکرو سافٹ کا ڈیفالٹ فونٹ نہیں رہا اور اس کی جگہ ایپٹوس (Aptos) نے لے لی ہے۔

ایپٹوس سوئس ٹائپوگرافی سے متاثر ایک sans serif ٹائپ فیس ہے۔

جولائی 2023 کے وسط سے ایپٹوس نے مائیکرو سافٹ ورڈ، پاور پوائنٹ، ایکسل اور آؤٹ لک میں کیلبری کی جگہ لینا شروع کر دی ہے۔

کیلبری 2007 سے مائیکرو سافٹ آفس کا ڈیفاللٹ فونٹ تھا اور اپریل 2021 میں کمپنی نے بتایا تھا کہ کسی اور فونٹ کو کیلبری کی جگہ ڈیفالٹ فونٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

اس وقت 5 فونٹس کے نام کیلبری کے متبادل کے طور پر پیش کیے گئے تھے جو ٹینورائٹ، بائرسٹاڈٹ، سکینا، سی فورڈ اور گرانڈ ویو تھے۔

اب 2 سال سے زائد عرصے بعد بائرسٹاڈٹ کو کیلبری کی جگہ ڈیفالٹ فونٹ کا درجہ دیا گیا ہے، البتہ اس کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ فونٹ اسٹیو میٹسن نے تیار کیا ہے جو دنیا کے معروف ٹائپ ڈیزائنرز میں سے ایک ہیں اور انہوں نے ہی بائرسٹاڈٹ کا نام تبدیل کرکے کیلیفورنیا میں واقع اپنے پسندیدہ قصبے پر ایپٹوس رکھا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ ایپٹوس کو متعدد جیومیٹرک شکلوں میں تیار کیا گیا ہے جو مختلف زبانوں کے لیے موزوں ہے۔

خیال رہے کہ آفس 2007 سافٹ وئیر میں کیلبری نے ٹائمز نیو رومن کی جگہ ڈیفالٹ فونٹ کی حیثیت حاصل کی تھی، یعنی 15 سال سے زائد عرصے تک اس کی حکمرانی برقرار رہی۔

اب مائیکرو سافٹ کی جانب سے ایپٹوس کو مائیکرو سافٹ 365 ایپس میں کیلبری کی جگہ دی گئی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ اگر آپ تبدیلی کے لیے تیار نہیں تو کیلبری بدستور نیو فونٹ مینیو میں اوپر موجود ہوگا اور اگر آپ کوئی اور فونٹ ڈیفالٹ کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو سیٹنگز مینیو میں جاکر ایسا کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں