پشاور: پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین بنانے کا اعلان کردیا۔
ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کےوجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے، تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ ہوگیا ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے اعلامیہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ 10 سال سے حکومت کرنے والی پارٹی صوبے کی سیاست سے ہی آؤٹ ہوگئی۔
اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں نئی سیاسی پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا نام پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹرینز ہے اور پرویز خٹک کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کےپی محمودخان، سابق وزرا اوردرجنوں ارکان شامل ہوئے ہیں جبکہ نئی پارٹی میں گزشتہ حکومت سے وابستہ 57 سے زائد اراکین اسمبلی شامل ہیں اور مزید شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اعلامیے کے مطابق نئی پارٹی کا قیام سانحہ 9 مئی پر پی ٹی آئی میں اختلافات اور احتجاج کی صورت سامنے آیا، نئی پارٹی میں شامل سیاسی رہنما سابق وزیراعظم عمران خان کو سانحہ 9 مئی کا ذمہ دارقرار دے رہے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کو عوام اور پارٹی کی قیادت نے مسترد کردیا، سانحہ 9 مئی پر محب وطن سیاست دانوں نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کردیں۔
ذرائع کے مطابق پرویزخٹک نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری سے بھی رابطہ کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ سے ملاقات اور انہیں اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی دعوت پر ہشام انعام اللہ نے کہا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے، بعد میں میری حمایت نہیں کی اس پر پرویز خٹک نے کہا کہ مجھے سائیڈ لائن کیا گیا تھا، میرے ساتھ بھی برا ہوا ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز میں شامل ہونے والے ارکان
سابق صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ، سابق صوبائی مشیر ضیاء اللہ بنگش، سابق رکن صوبائی اسمبلی افتحار مشوانی اور پشاور سے سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی نے پی ٹی آئی پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
اس کے علاوہ ڈی آئی خان سے سابق اراکین قومی اسمبلی یعقوب شیخ، آغاز اکرام گنڈاپور بھی نئی پارٹی میں شامل ہوگئے۔
مالاکنڈ سے پیرمصور شاہ اور مانسہرہ سے سابق ایم این اے صالِح محمد بھی پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کا حصہ بنے ہیں۔
پختونخوا میں نئی جماعت تحریک انصاف پارلیمنٹرینز بن گئی، پرویز خٹک سربراہ مقرر