‘یہ ڈش کھائیں اور یہیں آرام دہ بیڈ پر سوجائیں’، اردن کے ریسٹورینٹ کی انوکھی پیشکش

اردن کے ایک ریسٹورینٹ نے انوکھی پیشکش کی ہے جس کے پیش نظر ایک مخصوص ڈش کھانے کے بعد یہ ریسٹورینٹ آرام دہ بیڈ بھی فراہم کرے گا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ریسٹورینٹ دارالحکومت عمان سے 90 کلومیٹر دور شہر کرک میں واقع ہے جو کہ ‘منسف’ ڈش کھانے کے بعد گاہکوں کو سونے کی سہولت فراہم کررہا ہے، یہ ریسٹورینٹ 6 ماہ قبل ہی کھولا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ریسٹورینٹ کے مالک عمر المبیضین نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ اس پیشکش کا شروعات مذاق بنایا گیا، ہمارے ریسٹورینٹ کی خاصیت منسف ہے، اسی لیے ہم نے سوچا کیوں نہ اس کے شوقین افراد کو یہ سہولت بھی دی جائے کہ وہ یہ کھاکر یہیں آرام کرلیں۔
مالک کے مطابق منسف کھاکر قدرتی طور پر نیند زیادہ آتی ہے کیونکہ اس میں بہت زیادہ چکنائی ہوتی ہے اور پھر چکنائی والے اجزا کی وجہ سے غنودگی طاری ہوتی ہے۔

عمر المبیضین کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو گاہکوں کی ریسٹورینٹ پر لائن لگ گئی کیونکہ یہ ایک غیر معمولی آفر تھی جسے اس سے قبل کسی اور نے پیش نہیں کیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تو سیاح اور مقامی افراد کے درمیان منسف اردنی پکوان کی پہچان بن گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں