16 سال پرانے ایک اسمارٹ فون کو خریدنے کے لیے آپ کتنے پیسے خرچ کرنا پسند کریں گے، خاص طور پر اگر وہ ایسی ڈیوائس ہو جس نے نئی تاریخ رقم کی تھی؟
ایک فرد نے اس کا جواب ایک لاکھ 58 ہزار ڈالرز (4 کروڑ 64 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے زائد میں اوریجنل آئی فون کو خرید کر دیا۔
امریکا میں آئی فون فرسٹ ایڈیشن کا ایک سیل پیک ماڈل ریکارڈ قیمت میں نیلام ہوا۔
یہ 2007 میں متعارف کرائے گئے اوریجنل آئی فون کا 4 جی بی اسٹوریج والا ورژن تھا۔
یہ اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ 4 جی بی اسٹوریج والے آئی فون ماڈل کم بنائے گئے تھے کیونکہ زیادہ تر افراد 8 جی بی والے آئی فون کو ترجیح دیتے تھے۔
4 جی بی ماڈل کی پروڈکشن متعارف کرائے جانے کے محض 2 ماہ بعد ہی ختم کر دی گئی تھی۔
30 جون کو یہ فون 10 ہزار ڈالرز کی ابتدائی بولی کے ساتھ ایل سی جی آکشنز کی جانب سے نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا اور 16 جولائی تک اس کے لیے بولی لگتی رہی۔
اس عرصے میں مجموعی طور پر 28 بولیاں لگائی گئی تھیں اور آخری چند گھنٹوں میں یہ ایک لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئی تھی اور اس سلسلے کا اختتام ایک لاکھ 58 ہزار 644 ڈالرز پر ہوا۔
آکشن ہاؤس کے مطابق اس فون کی کنڈیشن اب بھی بہترین ہے۔
2007 میں اس آئی فون کو 499 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
مگر ایک لاکھ 58 ہزار 644 ڈالرز قیمت کے ساتھ اس 16 سال پرانے فون کی مالیت 4 ٹیسلا ماڈل 3 گاڑیوں سے بھی زیادہ ہے یا اس قیمت میں آئی فون 14 پرو میکس کے ایک ٹی بی اسٹوریج والے 99 ماڈلز خریدے جا سکتے ہیں۔
اس فون میں 3.5 انچ کا ڈسپلے اور 2 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔
اس سے قبل فروری 2023 میں ایک اوریجنل آئی فون 63 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوا تھا جبکہ مارچ میں 54 ہزار 904 ڈالرز میں ایسا ہی ایک اور فون فروخت ہوا۔