کراچی کی فیملی کورٹ شرقی نے اداکار فیروز خان کی موسم گرما کی چھٹیوں میں بچوں کی حوالگی کے کیس کی سماعت کی، عدالت نے بیٹے کی کسٹڈی 19 سے 24 جولائی تک فیروز خان دینے کا حکم جاری کیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے ہدایت کی کہ فیروز خان کو بیٹی دو دن کیلئے دوپہر 12 سے شام 6 تک دی جائے، عدالت کا کہنا ہے کہ بچی چھوٹی ہے اس لیے فیروز خان کو دن رات کیلئے نہیں دی جاسکتی۔
عدالت نے فیروز خان کو 6 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے فیروزخان کو اصل پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالتی بیلف کو بچوں کی حوالگی کے معاملات میں کمشنر مقرر کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اداکار فیروز خان نے بچوں کو عارضی طور پر ایک ماہ کیلئے ان کے حوالے کرنے کی درخواست کی تھی۔
فیروز خان کی شادی 2018 میں علیزا سلطان سے ہوئی تھی ، اداکار کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 2019 جب کہ بیٹی کی پیدائش 2022 میں ہوئی تھی۔
2022 میں ہی فیروز اور علیزا کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، علیزا نے الزام عائد کیا کہ فیروز خان انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، بعدازاں دونوں کی جانب سے ایک دوسرے پر کیس فائل کیےگئے جن کی سماعت عدالت میں چل رہی ہے۔