اسکول فنڈ سے پیسہ لیکر ایونٹ نہیں کروا سکتے، آسٹریلیا کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی سے دستبردار

آسٹریلیا کامن ویلتھ گیمز 2026 کی میزبانی سے دستبردار ہو گیا۔

کامن ویلتھ گیمز 2026 آسٹریلوی ریاست وکٹوریہ میں ہونے تھے، وکٹوریہ نے بڑھتے اخراجات کی وجہ سے گیمز کی میزبانی سے انکار کر دیا۔

ریاست وکٹوریہ کے سربراہ ڈینئیل اینڈریوزنے پریس کانفرنس میں کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کےلیے ابتدا میں دو ارب آسٹریلوی ڈالرز کا تخمینہ لگایا گیا تھا لیکن اب اخراجات 7 ارب ڈالرز تک بڑھ گئے ہیں، یہ اخراجات حقیقتاً بہت زیادہ ہیں، اسپورٹس کے ایونٹ کے لیے 7 ارب آسٹریلوی ڈالرز درکار ہیں جو وہ نہیں کرپا رہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں اور اسکولوں کے فنڈ سے پیسہ لے کر اسپورٹس کا ایونٹ نہیں کروا سکتے۔

ریاستی سربراہ کا کہنا تھاکہ کامن ویلتھ گیمز کے منتظمین کوکہہ دیا ہے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں وکٹوریہ میں نہیں ہوں گے، گیمز میں 20 کھیلوں کے 26 مقابلے ریاست وکٹوریہ کے پانچ شہروں میں ہونا تھے۔

ان کا کہناتھا کہ ہم نے ایک ہی جگہ میلبرن میں گیمز کروانے کا بھی سوچا لیکن یہ آپشن بھی قابل عمل نہیں تھا۔

وکٹوریہ کے فیصلے پر کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن نے مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں 8 گھنٹے کا نوٹس دیا گیا مل کر حل نکالنے کا بھی آپشن نہیں دیا گیا۔

فیڈریشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وقت کم ہے لیکن ایتھلیٹس اور کامن ویلتھ گیمز کے مفاد میں ایونٹ کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں