فیس بک میں ویڈیو ہب کا ڈیزائن تبدیل کرکے اسے انسٹاگرام جیسا بنا دیا گیا ہے۔
میٹا کی مقبول ترین سوشل میڈیا ایپ کی جانب سے اب تمام فیس بک ویڈیوز کے لیے ریلز ایڈیٹنگ ٹولز فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایک نئے ایکسپلور سیکشن کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جہاں ٹرینڈنگ ویڈیوز موجود ہوں گی۔
اس کے ساتھ ساتھ میٹا کی جانب سے ویڈیو ہب کا نام فیس بک واچ سے بدل کر ویڈیو کر دیا گیا ہے۔
اس سیکشن میں ریلز کی مختصر ویڈیوز کے ساتھ ساتھ لائیو اور طویل ویڈیوز بھی موجود ہوں گی۔
خیال رہے کہ فیس بک واچ کو 2017 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس وقت کمپنی کی جانب سے ٹی وی شوز اور دیگر مواد پر زیادہ زور دیا جاتا تھا۔
مگر اب میٹا کی پوری توجہ ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی ریلز ویڈیوز پر مرکوز ہے۔
مارک زکربرگ نے 2022 میں کہا تھا کہ ان کا مقصد فیس بک کو ایک ڈسکوری انجن میں تبدیل کرنا ہے، جہاں ہر قسم کا مواد صارفین کو دستیاب ہو۔
ان کے خیال کی کچھ جھلکیاں فیس بک کے نئے ویڈیو ٹیب میں ایکسپلور سیکشن کی شکل میں نظر آتی ہیں جو انسٹاگرام ایکسپلور جیسا ہی ہے۔
اس سیکشن میں صارفین ٹرینڈنگ ویڈیوز کے ساتھ ساتھ دیگر تجویز کردہ مواد کو دریافت کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ میٹا کی جانب سے انسٹا گرام ریلز کو فیس بک کا حصہ بنانے کے لیے کافی عرصے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انسٹاگرام سے فیس بک پر ریلز کو کراس پوسٹ کرنے کا فیچر تو کافی عرصے سے دستیاب ہے، اب کمپنی نے دونوں ایپس کے کمنٹ سیکشن کو بھی یکجا کر دیا ہے۔
اس تبدیلی کے بعد صارفین کو کسی ریل پر کمنٹ کرنے کے لیے فیس بک سے انسٹاگرام ایپ پر منتقل ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ نئی تبدیلیاں فیس بک ایپ اور ویب سائٹ پر متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔