جنوبی امریکا کے ملک یوراگوئے کے ساحل پر 2 ہزار پینگوئن مردہ حالت میں پائے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشرقی یوراگوئے کے ساحل پر بڑی تعداد میں مردہ حالت میں پینگوئن پائے گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ ساحل پر گزشتہ 10 دنوں میں تقریباً 2 ہزار پینگوئن مردہ نظر آئے ہیں جو برڈ فلو کی وجہ سے نہیں مرے تاہم ان کی موت حکام کیلئے معمہ بن گئی ہے۔
ماحولیاتی وزارت برائے حیوانات کے سربراہ کارمین لیزاگوین نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ساحل پر مردہ پائے جانے والے پینگوئن میجیلانک پینگوئن ( Magellanic penguins) نسل سے تعلق رکھتے ہیں اور مرنے والوں میں زیادہ تر کم عمر تھے جو بحر اوقیانوس میں مرے تھے لیکن بہتے ہوئے یوراگوئے کے ساحل پر آگئے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پینگوئن کی موت پانی میں ہوئی ہے اور ٹیسٹ کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ یہ برڈ فلو سے متاثر نہیں تھے، مرنے والے پینگوئن میں 90 فیصد کم عمر تھے جن میں فیٹس موجود نہیں تھا اور یہ خالی پیٹ تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پینگوئن کا کچھ فیصد مرنا عام ہے لیکن اتنے بڑے پیمانے پر اموات تشویش ناک ہے۔
ماحولیاتی حامیوں نے میجیلانک پینگوئنز کی اموات میں اضافے کی وجہ ضرورت سے زیادہ ماہی گیری اور غیر قانونی ماہی گیری کو قرار دیا ہے۔
ایس او ایس میرین وائلڈ لائف ریسکیو نامی این جی او نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ 1990 اور 2000 کی دہائیوں سے ہم نے جانوروں کی خوراک کی کمی کا مشاہدہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال برازیل کے ساحل پر بھی مردہ حالت میں پینگوئن پائے گئے تھے جن کی موت کی وجہ بھی معلوم نہیں ہوسکی تھی۔