بارشوں کے باعث اسکردو کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں پہاڑی تودے میں دب کر تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کےمطابق مرنے والوں میں ماں اور بچے شامل ہیں، بچوں کے باپ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ کافی دیر پہاڑی ٹکڑے کے نیچے دبے رہنے والے شخص کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
اسکردو میں کئی روز سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ چلاس شہر اور دیامر میں سیلابی صورتِ حال ہے۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں گزشتہ روز بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، ملک کے بیشتر علاقوں میں محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر حالیہ مون سون بارشوں سے بلوچستان میں جانی و مالی نقصانات ہوئے، آواران ، قلعہ سیف اللہ ، ژوب اور خضدار میں مختلف واقعات میں 6 اموات ہوئیں جب کہ 4 مکانات مکمل تباہ ہوئے، مویشی بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔
صوبہ سندھ میں جیکب آباد، شکار پور اور گردو نواح میں موسلادھار بارش ہوئی، اس کے علاوہ کراچی میں گزشتہ روز وقفے وفقے سے کہیں ہلکی بارش ہوئی تو کہیں صرف بوندا باندی ہوئی۔