نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی شہادت کے غم میں ملک بھر میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔
آج نویں محرم الحرام کے روز لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ علم و ذوالجناح کےجلوس برآمد ہوں گے جن میں نبی کے گھرانے پر یزیدی فوج کے مظالم کے غم میں نوحہ خوانی اور ماتم کیا جائے گا۔
کربلا میں تین روز تک بھوک اورپیاس کا سامنا کرنے والے اہل بیت کی یاد میں گلی محلوں میں پانی اورشربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جب کہ جگہ جگہ لنگر کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد کا مرکزی جلوس
اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ا ثنا عشری جی6 سےبرآمدہو گا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی جگہ اختتام پذیر ہوگا۔
پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 1685 اہلکار و افسران تعینات ہوں گے جن میں 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز اور 21 انسپکٹر بھی فرائض سر انجام دیں گے جب کہ جلوس کی سکیورٹی کے لیے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات ہوگی۔
کراچی کا مرکزی جلوس
کراچی میں نویں محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ سکیورٹی پلان کے مطابق فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، عوام کو تحفظ کی فراہمی میں کسی بھی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائےگی۔
پشاور کا مرکزی جلوس
پشاور میں شہدائے کربلا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی یاد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس آج امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر روڈ سے برآمد ہوگا، جلوس کی سکیورٹی کے لیے صدر روڈ اور اطراف کے تمام راستے مکمل سیل کردیے گئے ہیں جب کہ پشاور شہر سمیت صوبے کے 14 اضلاع میں موبائل فون سروس بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور کا مرکزی جلوس
لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سےبرآمد ہوگیا ہے جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شام کوامام بارگاہ خیمہ سادات پہنچےگا۔
محرم الحرام کے سلسلے میں شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔