چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دیا تھا۔
اب چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں 342 کا بیان روکنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرہ اختیار پر فیصلے تک سیشن عدالت میں ٹرائل روکنے کی استدعا کی گئی ہے اور درخواست میں کہا گیا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عدالت کے دائرہ اختیار پر پہلے فیصلہ ہونا ضروری ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے حتمی فیصلہ آنے تک توشہ خانہ ٹرائل نہیں چل سکتا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے نہیں روکا، حکم امتناع نہ دینے سے ٹرائل کورٹ میں سماعت مکمل ہو جائے گی اور ٹرائل مکمل ہونے کے بعد ہائیکورٹ میں اپیلیں غیر مؤثر ہو جائیں گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کو حکم امتناع پر منظور یا مسترد کا آرڈر کرنا چاہیے تھا لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبہم آرڈر کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کی جائے اور ٹرائل کورٹ کو کارروائی آگے بڑھانے سے روکا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اچانک چیف جسٹس کے سامنے پیش
اس کے علاوہ چیئرمین تحریک انصاف نے اپیل پریکم اگست کو سماعت کی درخواست بھی دائرکر دی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم بیرسٹر گوہر اور شعیب شاہین اچانک چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوئے اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا نے ایک کیس کی سماعت کے بعد اچانک چیف جسٹس کو مخاطب کیا۔
وکلا چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا توشہ خانہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رہے ہیں، اپیل کےساتھ جلد سماعت کی درخواست بھی دے رہے ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا پہلے اپیل دائر تو کریں پھر دیکھ لیں گے، آپ ماشاءاللہ سمجھدار وکلا ہیں، ہر چیز کا ایک طریقہ ہوتا ہے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کو 877/2023 نمبرالاٹ کر دیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کو 2 اگست کو طلب کر رکھا ہے۔