اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (کسٹمز) میں 5 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق درآمدی اشیاء پر مکمل ٹیکس وصول نہ کرنے سے 3 ارب 52 کروڑ کا نقصان ہوا ہے جب کہ ویئر ہاؤسز میں ایک ارب 45 کروڑ کی بے قاعدیوں، خردبرد اور چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اسمگل شدہ گاڑیاں، اسمارٹ فون اور غذائی اشیاء ویئر ہاؤسز میں پڑی خراب ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق 300 ضبط شدہ گاڑیاں نیلام نہ کرنے سے 80 کروڑ 71 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے اور 18 کروڑ 86 لاکھ کے 46 ہزار 982 اسمارٹ فونزکی بھی نیلامی نہیں کی گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ کھانے پینے کی اشیاء سمیت 42 کروڑ سے زائد کا دیگر سامان بھی گل سڑگیا، عملے نے 2 کروڑ 41 لاکھ روپے کی 3 گاڑیاں ایک کروڑ 39 لاکھ میں فروخت کردیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی،کوئٹہ ویئر ہاؤسز سے 91 لاکھ 80 ہزار روپے کا سامان بھی چوری ہوا۔