بھارت کے مقبول ترین مزاحیہ ٹی وی ڈرامہ ‘تارک مہتا کا الٹا چشمہ’ میں دیا بین کا مرکزی کردار ادا کرنے والی دیشا وکانی کی شو میں چھ سال بعد واپسی ہورہی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ڈرامے کے پروڈیوسر اسیت کمار مودی جو ماضی میں بھی کئی بار اس بات کا مداحوں سے وعدہ کرچکے ہیں کہ پرانی دیا بین کو ڈرامے میں واپس لایا جائے گا، اب انہوں نے اداکارہ دیشا وکانی کی واپسی کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسیت کمار نے تارک مہتا کا الٹا چشمہ کو 15 سال مکمل ہونے کی خوشی میں اس بات کی تصدیق کی کہ دیشا اب جلد مداحوں کو اپنے پرانے کردار میں دکھائی دیں گی۔
دوران انٹرویو پروڈیوسر اسیت مودی نے کہا ’15 سال کے اس سفر میں ان سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد جنہوں نے ڈرامے کو پسندیدہ بنانے میں مدد کی، ان ہی میں سے ایک فنکارہ جسے ہم بھول نہیں سکتے، وہ ہیں دیا بھابھی عرف دیشا وکانی’۔
اسیت مودی نے کہا ‘دیا بھابھی نے مداحوں کو اپنی اداکاری سے خوب محظوظ کیا اور ان تمام سالوں میں ہمیں بھی خوب ہنسایا، مداح ایک عرصے سے ان کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں اور میں آپ سب سے وعدہ کرتا ہوں کہ دیشا وکانی جلد ہی تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں واپس آئیں گی’۔
البتہ انہوں نے دیشا کی واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، اسیت کے مطابق پرانی دیا بین کی واپسی جلد ہونے والی ہے۔
واضح رہے کہ 2022 میں یہ خبر آئی تھی کہ دیشا وکانی کو شو میں دیابین کی عجیب آواز کی وجہ سے گلے کا کینسر ہوگیا ہے، بعدازاں شو کے ڈائریکٹر مالو راجدا نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔
دیشا نے تقریباً ایک دہائی تک ڈرامے میں دیابین کا کردار ادا کیا، 2017 میں انہوں نے بیٹی کی پیدائش کے بعد ڈرامے سے وقفہ لیا تھا جس کے بعد وہ واپس نہیں آئی تھیں، گزشتہ برس ان کے ہاں بیٹے کی بھی پیدائش ہوئی۔