روس نے یوکرین کی پورٹ پر حملہ کرکے اجناس کے گوداموں کو تباہ کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق روس نے رومانیہ کے قریب دریائے ڈینیوب پر واقع پورٹ کو نشانہ بنایا جہاں اجناس کے گوداموں پر ڈرون حملے کیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے ڈرون حملوں میں اجناس کے گودام، مسافروں کے لیے تعمیر عمارت اور اجناس کی لوڈنگ کے لیے موجود ایلی ویٹرتباہ ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ بحیرہ اسود سے اجناس کی ڈیل سے نکلنے کے بعد روس نے یوکرین کی اجناس کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے اور اسی سلسلے میں روس نے بدھ کے روز پورٹ پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے جس میں اجناس کو نشانہ بنایا گیا۔
رومانیہ کے صدر نے روس کی جانب سے یوکرین پر مسلسل حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہےکہ رومانیہ کے قریب روس کے انفرا اسٹرکچر پر کیے جانے والے حملے ناقابل قبول ہیں
یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہےکہ رات گئے روسی ڈرونز نے دریائے ڈینیوب کی طرف حملے کیے جہاں ازمیل اور رینی کے علاقوں میں یوکرین کی دو پورٹس موجود ہیں۔
اس حوالے سے اوڈیسہ حکام کا کہنا ہےکہ حالیہ روسی حملوں کے بعد علاقے میں ایمرجنسی سروسز کام کررہی ہے البتہ علاقے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہےکہ روسی حملوں سے بدقسمتی سے نقصان ہوا ہے۔