پاکستانی اداکار علی خان نے بالی وڈ کی سپر اسٹار اداکارہ کاجول کے ساتھ بھارتی ویب سیریز میں نامناسب مناظر شوٹ کروانے پر ردعمل دیا ہے۔
کاجول اور علی خان کی ویب سیریز ‘دی ٹرائل’ رواں برس 14 جولائی کو بھارت میں آن لائن اسٹریمنگ پورٹل ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ریلیز کی گئی، سیریز میں بوس و کنار کے مناظر سے متعلق علی خان اس سے قبل نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں تذکرہ کرچکے ہیں۔
علی خان نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ مناظر ہوٹل میں شوٹ کروائے تھے اور اس وقت اجے دیوگن شوٹنگ سیٹ پر موجود نہیں تھے۔
اب نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی خان نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار کاجول کے ساتھ اس قسم کے سین شوٹ کروائے، میں نے اور کاجول نے شوٹنگ کے دوران 48 دن ایک ساتھ گزارے، ہماری شوٹنگ 54 دن میں ختم ہونی تھی جسے 48 دنوں میں مکمل کیا گیا اور بوس و کنار کے مناظر کو آخری دن ریکارڈ کیا گیا۔
علی خان کے مطابق رومانوی مناظر کو شوٹ کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ دونوں اداکار ایک دوسرے پر بھروسہ کریں اور دونوں ایک دوسرے کا احترام کریں۔
اداکار نے کہا کہ ایسے مناظر شوٹ کرواتے وقت اداکاروں کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ بوس و کنار کے مناظر اسکرپٹ کا حصہ ہیں، ایسے مناظر بھی اسی طرح کریں جیسے دیگر سین کیے جاتے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کاجول کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک منجھی ہوئی اداکارہ ہیں جن سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ویب سیریز کو بھارت سمیت دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے جب کہ مجھے بھی کافی پذیرائی مل رہی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے 29 سالہ فلمی کیرئیر میں کاجول نے پہلی بار آن اسکرین بوس و کنار کے مناظر شوٹ کروائے تھے۔
سین وائرل ہوا تو انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جب کہ پاکستانی مداحوں نے علی خان پر بھی سخت تنقید کی۔