پیاز کو تو آپ نے دیکھا ہی ہوگا مگر کبھی سوچا کہ اس کی بو کسی طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ پر مجبور کردے؟
ایسا حیران کن واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں ائیر انڈیا ایکسپریس کی پرواز 175 مسافروں کو لے کر کوچی سے شارجہ جا رہی تھی۔
سفر کے دوران بہت تیز اور جلنے جیسی بو طیارے کے اندر پھیل گئی جس کے باعث اسے واپس کوچی لے جانا پڑا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2 اگست کی شب روانہ ہونے والی پرواز کے ایک مسافر نے شکایت کی تھی کہ ایسی بو آرہی ہے جیسے کچھ جل رہا ہے۔
بعد ازاں مزید مسافروں نے بھی اس بو کی شکایت کی، جس کے باعث عملہ طیارے کو واپس اتارنے پر مجبور ہوگیا۔
ماہرین کی ٹیم نے طیارے کا معائنہ کیا اور کسی قسم کی آتشزدگی یا تکنیکی مسئلے کے شواہد نہیں ملے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے عندیہ ملا ہے کہ اس بو کی وجہ طیارے کے مال بردار حصے میں موجود پیاز یا سبزیاں تھیں۔
مسافروں کی جانب سے طیارے کے اندر بو کو رپورٹ کیے جانے پر احتیاطی طور پر اسے واپس اتارا گیا تھا۔
فضائی کمپنی نے اس واقعے پر مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے متبادل پرواز سے ان کی روانگی کو یقینی بنایا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فضائی کمپنی بڑی مقدار میں پھلوں، سبزیوں اور پھولوں کو مشرق وسطیٰ لے جاتی ہے۔