کراچی: اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی اور مارکیٹ گزشتہ 6 برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تاہم اس کا اختتام منفی رجحان پر ہوا۔
آج کاروبار کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان رہا اور 100 انڈیکس 579 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 49 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 634 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 49 ہزار 300 کی سطح پر عبور کرکے 49 ہزار 344 پر پہنچا جو گزشتہ 6 سال کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے۔
تاہم کاروباری دن کا اختتام منفی رجحان پر ہوا اور 100 انڈیکس 153 پوائنٹس کمی سے 48611 پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 863 پوائنٹس بینڈ میں رہا، بازار میں 52 کروڑ 60 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 19 ارب روپے سے زائد رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 49 ارب روپے کم ہوکر 7290 ارب روپے ہے۔