برصغیر کے عظیم اداکار مرحوم دلیپ کمار کے تاریخی بنگلے کو مسمار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے مہنگے ترین علاقے پالی ہل کے قریب نرگس دت روڈ پر واقع دلیپ کمار کے پرانے بنگلے کو جلد مسمار کر دیا جائے گا۔
رپورٹس میں بتا یا گیا ہے کہ اس بنگلے کی جگہ پر تعیش رہائشی عمارت بنائی جائے گی جس کے گراؤنڈ فلوڑ پر ایک میوزیم بھی بنایا جائے گا جس میں عظیم اداکار دلیپ کمار کی یادگار چیزوں کو رکھا جائے گا۔یہ منصوبہ شہر کے امیر ترین افراد کے لیے بنایا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلیپ کمار کے اہلِ خانہ بنگلے کو گراکر رہائشی عمارت بنانے کے نئے منصوبے پر رضامند ہوگئے ہیں۔
ڈیڑھ ایکڑ پر مشتمل اس جگہ پر بنائے جانے والی عمارت کے نئے منصوبے میں دلیپ کمار کا خاندان اس پروجیکٹ کو شروع کرنے والی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے ساتھ شراکت دار ہوگا، یہ منصوبہ 2027 تک پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔
رپورٹس کے مطابق اس رہائشی پراجیکٹ سے 900 کروڑ روپے تک آمدنی ہوگی۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار کا پالی ہل والا بنگلہ کئی عرصے تک قانونی تنازعات کا شکار رہا، اداکار کے اہل خانہ نے ایک رئیل اسٹیٹ فرم پر جائیداد پر قبضے کے ارادے سے جعلی دستاویزات بنانے کا الزام لگایا تھا۔
تاہم ایک طویل عدالتی جنگ کے بعد 2017 میں دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے پالی ہل کی جائیداد کی چابیاں واپس ملنے کی خبر شیئر کی تھی۔
تاہم اب بنگلے کی جگہ رہائشی منصوبے کو شروع کرنے والی کمپنی نے بھی واضح کردیا ہے کہ جائیداد سے متعلق قانونی مسائل ختم ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ دلیپ کمار طویل علالت کے بعد 7 جولائی 2021 کو ممبئی میں انتقال کر گئے تھے۔