پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے ایک دن میں دو میچز جیت کر ناروے کپ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ناروے کپ فٹبال کے مقابلے اوسلو میں جاری ہیں جس میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم انڈر 17 کیٹیگری کے مقابلوں میں شریک ہے، جمعرات کو پاکستان نے ناک آؤٹ راؤنڈ کے دو میچز کھیلے اور دونوں میں ہی شاندار کامیابی حاصل کی۔
پہلے راؤنڈ آف 32 میں پاکستان کا مقابلہ مولڈے فٹبال کلب کے تھا جس میں پاکستان ٹیم 0-4 سے کامیاب ہوئی، اس میچ میں طفیل شنواری نے 2گول کیے، فیصل اور وہاب نے ایک ایک گول کیا۔
اس کے بعد پری کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ٹرائسل کلب سے تھا اس میچ میں بھی پاکستان کی کامیابی کا اسکور 0-4 رہا، پری کوارٹر فائنل میں پاکستان کے عبداللہ نے 2 جبکہ شاہ میر اور عبدالوہاب نے ایک ایک گول کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے، پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم اپنا کوارٹر فائنل میچ جمعہ کو کھیلے گی۔