کوسٹا ریکا میں فٹبال کلب کا کھلاڑی مگر مچھ کے حملے میں ہلاک

وسطی امریکی ملک کوسٹا ریکا میں ایک مقامی فٹبال کلب کا کھلاڑی مگر مچھ کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چکو کے نام سے مشہور جیسس البرٹو لوپز آرٹس کوسٹا ریکا کے شمال مغربی ریجن سینٹا کروز میں ایک مگر مچھ کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کوسٹاریکن اسینسو لیگ میں ڈی پورٹیوو ریو کیناس کی نمائندگی کرنے والے 29 سالہ چکو نے مشق (ایکسرسائز) کے لیے دریائے کیناس میں چھلانگ لگائی تاہم بدقسمتی سے وہ مگر مچھ کے حملے کی زد میں آ گئے۔

مقامی پولیس کے مطابق فٹبالر پر دریائے کیناس میں مگر مچھ نے حملہ کیا تاہم یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا فٹبالر دریا میں ڈوبا یا پھر مگر مچھ نے حملہ کر کے انہیں دریا میں گرایا۔

مقامی ریڈ کراس نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ مگر مچھ فٹبالر کی لاش کو ہڑپ کرنے کے لیے گھسیٹ کر ساتھ بھی لے گیا جس کی وجہ سے پولیس کو فٹبالر کی لاش حاصل کرنے کے لیے مگر مچھ پر ہتھیاروں کا استعمال کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں