ٹی ٹوئنٹی میچ میں سلو اوور ریٹ پر بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں پر جرمانہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے 5 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں سلو اوور ریٹ پر بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں پر جرمانہ عائد کر دیا۔

جمعرات کو سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 4رنز سے ہرا دیا، میزبان ٹیم نے 6 وکٹ پر 149 رنز بنائے، جواب میں بھارتی ٹیم 145 رنز بنا سکی۔

اس میچ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مقررہ وقت میں اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہیں جس پر سلو اوور ریٹ کے باعث آئی سی سی نے دونوں ٹیموں پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

بھارتی ٹیم نے مقررہ وقت میں ایک اوور جبکہ ویسٹ انڈیز نے مقررہ وقت میں 2 اوورز کم کیے تھے۔
آئی سی سی کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جبکہ ویسٹ انڈیر پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی اتوار کو کھیلا جائے گا، ویسٹ انڈیز کو 5 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔


سلو اوور ریٹ کیا ہوتا ہے؟

وہ ٹیم جو بولنگ کر رہی ہو اسے ایک مخصوص وقت دیا جاتا ہے جس میں اس ٹیم کو اپنی اننگز مکمل کرنی ہوتی ہے یعنی بولنگ مکمل کرنی ہوتی ہے، اس کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ گراؤنڈ میں وقت ضائع کیے بغیر فیلڈنگ کی جائے اور بولرز وقت پر بولنگ کروائیں۔

اگر ٹیمیں مقررہ وقت میں اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہتی ہیں تو ان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں