فیروز خان نے دوسری شادی کیلئے لڑکی کی تلاش شروع کردی

پاکستانی اداکار فیروز خان نے دوسری شادی کا فیصلہ کرلیا اور انہوں نے لڑکی کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔

جیو انٹرٹینمنٹ کے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 3‘ اور ’خانی‘ کے اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک مداح کو شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جواب دیا۔

اس سے پہلے بھی فیروز کی ایک تصویر پر مداح نے کہا تھا’کیا آپ اپنے بچوں سے محبت کرتے ہیں؟ آپ کو کسی اور خاتون سے شادی کرلینی چاہیے، میں 24 برس کا ہوں اور میری دو بیویاں ہیں’۔
مشورے کے جواب میں اداکار نے کہا ‘آپ نے صرف وہی کیا جو آپ کو بتایا گیا تھا، بہت اعلیٰ’۔
جب کہ اب ایک مرتبہ پھر ایک صارف نے فیروز خان سے دوسری شادی کا سوال کیا اور کہا ‘بھائی آپ شادی کب کررہے ہیں؟’

مختصر جواب میں فیروز نے کہا ‘دیکھ رہا ہوں آج کل’۔
اس حوالے سے ایک اور اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ایک مداح نے اداکار سے کہا ‘آپ کو نہیں لگتا کہ اب آگے بڑھ جانا چاہیے اور ایک نئی انسان کے ساتھ زندگی کی شروعات کرنی چاہیے؟’
جواب میں فیروز نے کہا ‘سفر بہت پہلے شروع ہوا تھا، مجھے وہ شخص آخر کار مل گیا ہے، دیکھتے ہیں میں آگے کیا کرتا ہوں’۔
دوسری جانب فیروز خان نے جنگ ویب کو تصدیق کی ہے کہ وہ حقیقتاً دوسری شادی کے لیے لڑکی کی تلاش میں ہیں اور وہ ایک دو نہیں بلکہ اس سے زائد شادیوں کے حق میں ہیں۔

واضح رہے فیروز خان کی شادی 2018 میں علیزا سلطان سے ہوئی تھی ، اداکار کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 2019 جب کہ بیٹی کی پیدائش 2022 میں ہوئی تھی۔

بعدازاں 2022 میں ہی فیروز اور علیزا کے درمیان طلاق ہوگئی، علیزا نے الزام عائد کیا کہ فیروز خان انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، بعدازاں دونوں کی جانب سے ایک دوسرے پر کیس فائل کیےگئے جن کی سماعت عدالت میں چل رہی ہے۔

یاد رہے کہ 2020 میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے مذہب کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے، بعدازاں انہیں کئی پروجیکٹس میں کام کرتے دیکھا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں