بھارت: 70 سالہ ساس نے گردہ عطیہ کرکے اپنی بہو کی جان بچالی

بھارت میں 70 سالہ ساس نے اپنی بہو کو گردہ عطیہ کرکے اس کی جان بچا لی۔

ویسے تو معاشرے میں ساس اور بہو کے آپس میں اختلاف دیکھنے اور سننے کو ملتے ہیں لیکن بھارت میں ایک ساس نے اپنی بہو سے محبت کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں 70 سالہ پربھا کانتی لال موٹانامی خاتون نے اپنی بہو ‘امیشا’ کو گردہ عطیہ کیا، بہو ‘امیشا’ کو گزشتہ سال گردے کی بیماری ہوئی تھی جس کے باعث ان کا گردہ خراب ہوگیا تھا اور انہیں گردے کی ضرورت تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امیشا کی ساس پربھا کانتی لال موٹا نے بتایا کہ میرے 3 بیٹے ہیں اور تینوں بہو کو گردہ دینے سے ڈر رہے تھےجس کے بعد میں نے اپنی بہو امیشا کو گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
70سالہ ساس نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ میں نے امیشا کو ہمشہ اپنی بیٹی کی طرح رکھا ہے، سرجری کے بعد بالکل فٹ ہوں ساتھ ہی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کہنا چاہتی ہوں کہ وہ لوگوں کو عطیہ دہندگان بننے کے لیے آگے آنے کی دعوت دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امیشا کے شوہر جتیش موٹا ذیابیطس کا شکار ہیں جس کے باعث وہ اپنی اہلیہ کو گردہ عطیہ نہیں کرسکے، تاہم وہ اپنی اہلیہ کی زندگی بچانا چاہتے تھے اور ساتھ ہی اپنی ماں کی صحت کیلئے بھی فکرمند تھے۔

جیتیش موٹا نے بتایا کہ امیشا کیلئے گردہ عطیہ کرنے والے ڈونر کا 8 سال سے انتظار کررہے تھے جس کے بعد میری والدہ نے گردہ عطیہ دینے کی حامی بھری۔

اس موقع پر موٹا فیملی کے خاندانی ڈاکٹرچندرکانت للن نے بتایا کہ انہوں نے اپنے 44 سالہ کیرئیر میں خاتون کو اپنے شوہر، بہن اور والدین کو اعضا عطیہ کرتے دیکھا ہے لیکن ساس کا اپنی بہو کو گردہ عطیہ کرتے دیکھنا بہت منفرد تجربہ ہے۔

خیال رہے امیشا کے گردے کا ٹرانسپلانٹ ممبئی کے اسپتال میں کیا گیا جہاں سرجری کے بعد امیشا کی صحت میں بہتری آرہی ہے دوسری جانب امیشا کی ساس کی طبیعت بھی ٹھیک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں