اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر فرحان اختر نے اپنی نئی فلم ڈان 3 کی تیاری کا اعلان کر دیا ہے جس میں شاہ رخ خان کی واپسی نہیں ہوگی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) میں ایک پوسٹ میں فرحان اختر نے بتایا کہ ڈان 3 میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ لیں گے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘ایک نئے عہد کا آغاز ڈان 3’۔
انہوں نے ایک ٹیزر بھی پوسٹ کیا جس میں رنویر سنگھ کو دکھایا گیا جو خود کو ڈان کے طور متعارف کرا رہے ہیں۔
اس سے قبل فرحان اختر نے 8 اگست کو ڈان 3 کو تیار کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹ میں پوسٹ کرتے ہوئے شاہ رخ خان کی جگہ کسی اور کو ڈان کا کردار دینے کا عندیہ دیا تھا۔
فرحان اختر اس نئی فلم کے ڈائریکٹر بھی ہوں گے جو 2025 میں کسی وقت ریلیز کی جائے گی۔
البتہ رنویر سنگھ کے علاوہ کاسٹ میں شامل کسی فرد کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔
واضح رہے کہ بالی وڈ کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ڈان سب سے پہلے 1978 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا جو مداحوں نے کافی پسند کیا تھا۔
28 سال بعد 2006 میں ہدایتکار فرحان اختر نے ماضی کی ہٹ فلم ڈان کو دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا اور اس بار ڈان کا کردار شاہ رخ خان کے حصے میں آیا جو انہوں نے بخوبی نبھایا۔
فلم کی کامیابی کے بعد 2011 میں فرحان اختر نے ڈان 2 بنائی اور شاہ رخ خان ہی ڈان کے کردار میں نظر آئے۔
اب 12 سال کے طویل وقفے کے بعد ڈان 3 کی تیاری کا اعلان کیا گیا ہے جس کی کاسٹ بھی نئی ہوگی۔
مئی 2023 میں رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ شاہ رخ خان نے ڈان فرنچائز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اب کمرشل فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ڈان آج کے سنیما میں فٹ نہیں ہوتی۔