اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہےکہ پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی ملاقات آج متوقع تھی جو ملتوی ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق راجہ ریاض مصروفیت کے باعث آج وزیراعظم ملاقات نہیں کرسکیں گے۔
نگران وزیراعظم کی تقرری پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی ملاقات آج طے تھی۔
راجہ ریاض کی جیونیوز سے گفتگو
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے جیونیوز سے گفتگو کی جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ نگران وزیراعظم کے لیے وزیراعظم سے ملاقات نہ ہوپائی،کیا کوئی ڈیڈلاک ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ کسی قسم کا ڈیڈلاک نہیں، آج اسمبلی تحلیل ہوجائے گی، تین دن کاوقت ہےاس میں مل کرنگران وزیراعظم کے لیے مشاورت کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر سے سوال کیا کہ تین ناموں پر اتفاق نہ ہوا توکیا الیکشن کمیشن تک نگران وزیراعظم کا نام جائے گا؟ انہوں نے کہ کہا کوشش کریں گے کہ وزیراعظم اور میں کسی ایک نام پر متفق ہوں، پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔
جیونیوز نے اپوزیشن لیڈر سے سوال کیا کہ نگران وزیراعظم کے لیے سیاستدان بہترہوگا یا کوئی بیوروکریٹ؟ اپوزیشن لیڈر نے جواب دیا کہ کوئی بہتر نام ہوگا جسے عوام اور میڈیا سراہیں گے، آج وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے، مکمن ہے وزیراعظم سے کل دوبارہ ملاقات ہو، اگلے تین دن میں نگران وزیراعظم کانام فائنل ہوجائے گا۔
‘نگران وزیراعظم کیلئے ساتھیوں کی مشاورت سے 3 نام فائنل کرلیے’
اس سے قبل نگران وزیراعظم کے تقرر پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا تھا کہ ابھی تک وزیراعظم شہبازشریف سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی ہے، ساتھیوں کے مشورے سے 3 نام فائنل کر لیے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے ہوگا، مشاورت کے بعد جو نام سامنے آئے گا اس پر لیڈر آف اپوزیشن سے بات کروں گا۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے ابھی تک کوئی نام شارٹ لسٹ نہیں ہوا، نوازشریف سے اس معاملے پر مشاورت ہو رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ نگران وزیراعظم ایسا ہو جو قابل قبول ہو۔
اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھا نگران وزیراعظم کےلیے جو نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں ان میں حفیظ شیخ کا نام بھی شامل ہے۔