امریکی ریاست نارتھ کیرولینا میں کینسر میں مبتلا 10 سالہ بچی کی موت سے قبل شادی ہوئی جس کی تصاویر نے ہر دیکھنے والے کا دل موم کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایما ایڈورڈز نامی بچی کو گزشتہ سال اپریل میں خون کے سرطان کی تشخیص ہوئی لیکن اس کے والدین، الینا اور ایرون ایڈورڈز نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ ان کی بیٹی اس بیماری کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
امریکا سے تعلق رکھنے والی 10 سالہ لڑکی جس نے شادی کا خواب دیکھا تھا، اس نے انتقال سے چند روز قبل اپنی بچپن کے پیار سے شادی کی، ایما اور ڈینیئل مارشل کرسٹوفر نے 29 جون کو ایک بڑے جشن میں شادی کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئیں۔
شادی کے 12 دن بعد ایما ایڈورڈز بیماری سے لڑتے ہوئے دنیا چھوڑ گئی۔
رپورٹس کے مطابق رواں برس جون میں ایما کے خاندان کو دل دہلا دینے والی خبر دی گئی کہ ایما کا کینسر لاعلاج ہے اور ان کے پاس زندہ رہنے کے لیے صرف چند دن باقی ہیں۔
ایما کی والدہ کے مطابق ہم اس کا مزید علاج کروانا چاہتے تھے لیکن ہمیں پتا چلا کہ اس کے پاس مہینے نہیں بلکہ کچھ دن باقی ہیں۔
بچی کی والدہ نے بتایا کہ ہمیں یہ سننے کی بالکل توقع نہیں تھی تاہم یہ خبر ملتے ہی میں نے اور ڈینیئل کی والدہ نے شادی کا سوچا اور تیاریوں کا آغاز کردیا، ہمیں سب کچھ جلدی جلدی کرنا تھا، دو دن سے کم وقت میں ہم نے سب تیاری کی، تقریب گھر کے لان میں رکھی گئی جس میں 100 مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔
الینا نے مزید کہا کہ یہ بہت قیمتی وقت تھا اور سب کچھ بہت اچھی طرح ہوا، ایما بھی بہت زیادہ خوش تھی، ڈینیئل بھی بہت اچھا بچہ ہے اور وہ ایما سے بہت محبت کرتا تھا۔