ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں، تو یہ تصور کیا جا سکتا ہے کہ ان کا گھر بھی بہت شاندار ہوگا۔
مگر کیا واقعی یہ خیال درست ہے؟
اس کا جواب ایلون مسک کی سوانح حیات لکھنے والے ایک مصنف والٹر اساکسون نے دیا ہے۔
ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پر اپنی ایک پوسٹ میں والٹر اساکسون نے ایلون مسک کے گھر کے اندرونی حصے کی ایک تصویر شیئر کی۔
انہوں نے لکھا کہ ‘ 2020 میں ایلون مسک نے اپنے تمام 5 گھروں کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ٹیکساس کے علاقے Boca Chica میں 2 بیڈ رومز پر مشتمل گھر میں رہائش اختیار کرلی، جہاں ہم ملتے تھے’۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی کتاب میں وضاحت کر یں گے کہ آخر ایلون مسک نے اپنے تمام گھر کیوں فروخت کیے۔
یہ کتاب 12 ستمبر 2023 کو شائع کی جا رہی ہے۔
In 2020, Musk decided to sell his five grand houses and to have as his primary residence this spartan two-bedroom house in Boca Chica, TX, where we would meet and he would sit at this wood table and make phone calls. In my forthcoming bio, https://t.co/7JGHd10TEa, I explain why. pic.twitter.com/mLsAgdOdY1
— Walter Isaacson (@WalterIsaacson) August 6, 2023
خیال رہے کہ ایلون مسک نے مئی 2020 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تمام گھر اور بیشتر اثاثوں کو فروخت کردیں گے تاکہ مریخ میں انسانی کالونی کے لیے سرمایہ کاری کرسکیں اور وہ زمین پر اپنے لیے کوئی گھر نہیں رکھیں گے۔
اس وقت سے وہ 50 ہزار ڈالرز کے ایک چھوٹے سے گھر میں مقیم ہیں جس کو انہوں نے اپنی کمپنی اسپیس ایکس سے ہی لیا ہے۔
مصنف کی شیئر کردہ تصویر میں ایلون مسک کے گھر کا کچن اور نشست گاہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔
اس تصویر میں میز پر ایک تلوار، راکٹ کی شکل کی کوئی چیز اور مختلف گیمز نظر آرہی ہیں۔
اسی طرح دیوار پر ایک میگزین کا پوسٹر بھی لگا ہے جس میں ایک بہت بڑا اسپیس شپ بنا ہوا ہے، جو ایلون مسک کے اسٹار شپ راکٹ کے منصوبے کا عکاس لگتا ہے۔
اسٹار شپ کو ایلون مسک مریخ پر لوگوں کو پہنچانے کے لیے استعمال کرنے کے خواہشمند ہیں۔
کچھ رپورٹس کے مطابق ایلون مسک ٹیکساس میں ایک اور گھر تعمیر کرا رہے ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کے ایک منصوبے پر کمپنی کے اندر جانچ پڑتال کی جا رہی ہے جو ممکنہ طور پر ایلون مسک کے لیے ایک گلاس ہاؤس کی تعمیر کے حوالے سے تھا۔
مارچ 2023 میں ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایلون مسک امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن سے 35 میل دور ایک قصبہ تعمیر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس قصبے میں ایلون مسک کی کمپنیوں ٹیسلا، بورنگ اور اسپیس ایکس کے ملازمین رہائش اختیار کر سکیں گے۔