قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے مقابلے میں مضبوط ٹیم قرار دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کا کہنا تھا بھارتی کرکٹ ٹیم کو بنانے کے بجائے تباہ کیا جا رہا ہے، بھارتی ٹیم کا کمبی نیشن نہیں بن سکا جس کی وجہ سے ان کے کپتان تبدیل ہو رہے ہیں، نئے نئے کھلاڑیوں کو کھلایا جا رہا ہے، اس طرح ٹیم بنا نہیں کرتی بلکہ تباہ ہوتی ہے۔
سرفراز نواز نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ کے لیے ایک اچھی ٹیم منتخب کی ہے، 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرنا اچھی بات ہے، کھلاڑی موسم سے ہم آہنگ ہوں گے اور اگر کوئی کھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار ہوتا ہے تو اسکواڈ میں ہی کھلاڑی موجود ہوں گے جنہیں کھلایا جا سکے گا۔
اپنے دور کے صف اول کے فاسٹ بولرز میں شامل سرفراز نواز شاہین شاہ آفریدی کے معترف ہیں اور کہتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان کا اہم ترین بولر ہے، انگلینڈ میں اس نے اپنی دھاک بٹھائی ہے، شاہین آفریدی غیر معمولی بولر ہے، ان کے پہلے دو اوورز تباہ کن ہوتے ہیں، ان اوورز میں ان کے یارکرز اور سوئنگ بولنگ شاندار ہوتی ہے۔
سرفراز نواز کا کہنا تھا چیئرمین ذکا اشرف نے کرکٹرز کی فلاح و بہبود کے لیے اچھے اقدامات کیے ہیں اور انہوں نے واضح کیا ہے کہ مشکلات میں گھرے ہوئے کرکٹرز کا خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نوجوان فاسٹ بولرز کی ویڈیوز دیکھ کر ان کی رہنمائی کرنے کی پیشکش کی ہے، نوجوان فاسٹ بولرز کو ماضی کی طرح میں کریز کے استعمال، فیلڈ پلیسنگ اور یارکرز کے بارے میں بتا سکتا ہوں۔