انسٹاگرام پر زیادہ فالوورز کیوں؟ احساس کمتری میں مبتلا شوہر نے بیوی کا گلا گھونٹ دیا

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں انتہائی ہولناک واقعہ پیش آیا جس میں 37 سالہ کاروباری شخص نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر انسٹاگرام پر زیادہ فالوورز ہونے کے باعث گاڑی میں ہی بچوں کے سامنے قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے مذکورہ شخص احساسِ کمتری کا شکار تھا، جس کی وجہ سے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کے روز اُس وقت پیش آیا جب دونوں میاں بیوی اپنے بچوں کے ہمراہ گاڑی میں کہیں جارہے تھے، اس دوران شوہر نے بچوں کے سامنے ہی بیوی کا گلا گھونٹ دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد کافی زیادہ تھی، اور اس نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو سوشل میڈیا سائٹ سے بلاک کر رکھا تھا،اسی وجہ سے شوہر کو شک ہوا کہ اس کی غیر موجودگی میں بیوی کے سوشل میڈیا کے کچھ دوست اس سے ملاقاتیں کرتے ہیں، اسی شک کے نتیجے میں دونوں کے تعلقات میں تناؤ بڑھ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم ٹور اینڈ ٹریول ایجنسی کا مالک ہے جب کہ اس کی بیوی ہاؤس وائف تھی، یہ جوڑا اپنی 12 سالہ بیٹی اور ایک پانچ سالہ بیٹے کے ساتھ لکھنؤ میں مقیم تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں