آئی فون نے آگ میں پھنس جانے والے خاندان کی زندگی بچالی

امریکی ریاست ہوائی کی کاؤنٹی ماؤوی میں لگنے والی آگ کو امریکا کی 100 سالہ تاریخ کی بدترین آتشزدگی قرار دیا جا رہا ہے اور اس کے دوران آئی فون نے ایک خاندان کی زندگی بچا لی۔

خیال رہے کہ اس آتشزدگی سے اب تک 96 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ آگ سے تباہ ہونے والی عمارتوں میں لاشیں تلاش کرنے کا کام جاری ہے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ایپل کی آئی فون 14 سیریز کو ستمبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا جس میں پہلی بار سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کے فیچر کو شامل کیا گیا تھا، جس کا مقصد مشکل حالات میں لوگوں کی زندگی بچانا تھا۔

اس فیچر سے سیلولر سگنل یا وائی فائی کے بغیر ٹیکسٹ میسج بھیجنا ممکن ہوتا ہے۔

اب تک امریکا میں اس فیچر نے کئی افراد کی زندگی بچانے میں مدد فراہم کی ہے اور اب ہوائی میں بھی اس سے ایک خاندان کو بچانا ممکن ہوگیا۔
9 ٹو 5 میک کی رپورٹ کے مطابق ماؤوی میں جنگلات کی آگ پھیلنے سے ایک خاندان پھنس گیا تھا۔

یہ خاندان 5 افراد پر مشتمل تھا اور یہ گاڑی سے متاثرہ علاقے سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا جب آگ میں گھر گیا جبکہ موبائل کوریج دستیاب نہیں تھی۔

خوش قسمتی سے گاڑی میں موجود ایک فرد کے پاس آئی فون 14 موجود تھا اور اسے ایمرجنسی ایس او ایس بھیجنے کا خیال آیا۔

جب کسی فرد کی جانب سے ایمرجنسی ایس او ایس فیچر کو استعمال کرتا ہے تو آئی فون کی جانب سے صورتحال کے بارے میں سوالات پوچھے جاتے ہیں، جس کے دوران وہ سیٹلائیٹ سے کنکٹ ہوتا ہے۔

اس عمل میں چند منٹ لگتے ہیں اور صارف سے حاصل ہونے والی معلومات کو متعلقہ اداروں کو منتقل کی جاتی ہے اور صارف کی لوکیشن کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔

ایسا ہی ماؤوی میں بھی ہوا اور صارف کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ گاڑی کو ہر طرف سے آگ نے گھیر لیا ہے اور کچھ بھی نظر نہیں آ رہا۔

آئی فون نے صارف کی لوکیشن اور ایمرجنسی کانٹیکٹس جیسی تفصیلات امدادی ادارے سے شیئر کی۔

اس ادارے کی جانب سے فائر ڈیپارٹمنٹ کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور امدادی ٹیم کو روانہ کر دیا گیا۔

اس امدادی ٹیم نے مدد کی درخواست کے 30 منٹ بعد اس خاندان کو آگ سے نکال لیا۔

اس سے قبل بھی یہ فیچر متعدد افراد کی زندگیاں بچانے میں مدد فراہم کر چکا ہے۔

مئی میں جنوبی کیلیفورنیا میں ہائیکنگ کرنے والے نوجوانوں کا ایک گروپ راستہ بھول گیا تھا۔

10 افراد میں سے مشتمل گروپ Los Padres National Forest کے آبی درے میں ہائیکنگ کر رہا تھا جب وہ نوجوان راستہ بھول گئے اور 3 گھنٹے تک بھٹکتے رہے۔

اس موقع پر آئی فون کے اس فیچر نے ان کی زندگی بچالی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں