بالی وڈ کی صفِ اول کی اداکارہ عالیہ بھٹ نے بتایا ہے کہ ان کی شوہر اداکار رنبیر کپور سے پہلی ملاقات فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم کے سیٹ پر ہوئی تھی۔
حال ہی میں اپنی ہالی وڈ فلم ‘ہرٹ آف اسٹون’ کی تشہیر کے سلسلے میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران عالیہ نے انکشاف کیا کہ ان کی رنبیر کپور سے پہلی ملاقات کسی کے گھر یا تقریب پر نہیں بلکہ ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی تھی۔
عالیہ بھٹ نے بتایا کہ ان کی رنبیر سے پہلی ملاقات 2005 میں ریلیز ہوئی فلم ‘بلیک’ کے سیٹ پر ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن اور رانی مکھرجی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جب کہ فلم کی ہدایتکاری سنجے لیلا بھنسالی نے دی تھی۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ‘فلم بلیک کے لیے میں نے آڈیشن بھی دیا تھا، میرا آڈیشن چھوٹی رانی مکھرجی کے لیے لیا گیا تھا لیکن مجھے وہ کردار نہیں ملا، وہاں میری میرے شوہر سے پہلی ملاقات ضرور ہوئی تھی’۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ جس کردار کے لیے عالیہ بھٹ کا آڈیشن لیا گیا اسے بعدازاں عائشہ کپور نامی اداکارہ نے نبھایا۔
خیال رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی اپریل 2022 میں ہوئی تھی، دونوں کے ہاں نومبر 2022 میں بیٹی راہا کپور کی پیدائش ہوئی۔