بھارت کیخلاف میچ صرف ایک میچ ہے، ہم نے اچھا کرنیکی کوشش کرنی ہے: عبداللہ شفیق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر عبداللہ شفیق کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ ایک میچ ہے جس کے لیے تمام کھلاڑی پرجوش ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ میرا آغاز اچھا نہیں رہا، اب فوکس پرفارمنس پر ہے، ریڈ بال میں اچھی پرفارمنس رہی ہے۔

انہوں نے ایشیا کپ میں بھارت سے مقابلے پر کہا کہ ہمارے لیے بھارت کے خلاف میچ صرف ایک میچ ہے، دیکھنے کے لیے یہ میچ بہت اہمیت رکھتا ہے، ہم نے اچھا کرنے کی کوشش کرنی ہے، کھلاڑی بھارت کے خلاف میچ کے لیے پرجوش ہیں۔
عبداللہ شفیق نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے ٹاپ بیٹر ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اچھی رہتی ہے، اس حوصلہ افزائی سے مزید اچھا کرنے کے لیے متحرک ہوتے ہیں، ہمارے پاس بہترین فاسٹ بولرز ہیں جس کا فائدہ ہوتا ہے، اچھے بولرز کو کھیلا ہو تو پھر دنیا کے بہترین بولرز کو کھیلنے میں آسانی ہوتی ہے۔

اوپننگ بیٹر نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ تبدیل ہو چکی ہے، ون ڈے میں تین سو رنز بن رہے ہیں اسی حکمت عملی کے ساتھ کھیل رہے ہیں، اتنے رنز بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ بولرز کو دفاع کرنے میں آسانی ہو، میں خود کو ہر وقت بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ آنے والی سیریز اور ایونٹس میں بحیثیت ٹیم اچھا کرنے کا ٹارگٹ ہے، ناکامی سے انسان سیکھتا ہے اور میں بھی کوشش کر رہا ہوں کہ اچھے سے اچھا کروں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں