شہباز شریف کے تین سینئر سول افسران نگران وزیراعظم کے ساتھ کام جاری رکھیں گے

اسلام آباد: وفاقی حکومت میں اقتدار کی تبدیلی کے تناظر میں سول انتظامیہ میں کوئی بڑا ردوبدل نہیں ہوگا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیشرو شہباز شریف کے تین سینئر قریبی ساتھیوں کو برقرار رکھا ہے جب کہ فوری طور پر کسی وفاقی سیکرٹری کو نکال باہر نہیں کیا جائے گا۔

باخبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ، شہباز شریف کے سابق مشیر اور گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر احد چیمہ اور جوائنٹ سیکرٹری محب علی کو نئے وزیراعظم نے برقرار رکھا ہے۔

ڈاکٹر سید توقیر شاہ نوید بلوچ کی جگہ چار سال کے لیے رواں سال اکتوبر میں پاکستان کے گروپ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر ورلڈ بینک چلے جائیں گے تب تک ڈاکٹر توقیر موجودہ عہدے پر رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ امکان ہے کہ احد چیمہ کو وفاقی وزیر کے مساوی عہدہ سونپا جائے گا۔

انفارمیشن گروپ کے ایک افسر، وزیراعظم کے پریس سیکرٹری، عبدالاکبر بھی ان افسران میں شامل ہوں گے جو عہدے پر برقرار رہیں گے۔

دریں اثناء ذرائع نے بتایا کہ ارشد منیر خان جنہیں بی پی ایس گریڈ 21 میں ترقی دی گئی ہے ان کو عاصم کھچی کی جگہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) تعینات کیا جائے گا۔

بریگیڈئیر تاجدید ممتاز وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ کا اعلان اس ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا اور امکان ہے کہ وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کے ذریعے نئے چہرے متعارف کرائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں