قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی جنہیں دنیا بوم بوم آفریدی کے نام سے جانتی ہے، انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا ہے کہ ان کا یہ نام کیسے پڑا۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے اپنے کیرئیر اور نجی زندگی سے متعلق دلچسپ گفتگو کی۔
دوران شو شاہد آفریدی سے جب ان کے مشہورِ زمانہ ’بوم بوم‘ کے خطاب سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ انہیں ’بوم بوم‘ کا خطاب بھارتی کوچ روی شاستری نے دیا تھا۔
سابق کپتان کے مطابق ایک میچ میں جب انہوں نے 43 گیندوں میں سنچری اسکور کی تھی تو روی شاستری نے انہیں بوم بوم کا خطاب دیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے شو میں یہ بھی کہا کہ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ میں سیاست کے لیے اپنی فاؤنڈیشن پر کام کررہا ہوں، میں نے کہا کہ اگر یہ سیاست ہے تو خدا کی قسم اس سے خوبصورت سیاست کوئی نہیں ہے، سیاست نام ہی عوام کی خدمت کا ہے۔
سابق کپتان نے دوران شو ملک کے موجودہ حالات کے بارے میں کہا کہ میں نے دنیا کے کئی ممالک کا سفر کیا ہے لیکن پاکستان جیسا ملک کوئی نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ ہم آئے روز سیاست اور مذہب کے نام پر ملک کو نقصان کیوں پہنچاتے ہیں، ہمیں دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنی کارکردگی کو دیکھنا چاہیے، اپنے آپ کو دیکھنا چاہیے کہ ہم کیا کررہے ہیں۔