موبائل فون کی بیٹری کبھی بھی اور کہیں بھی ختم ہوسکتی ہے اور آفس میں تو کئی ملازمین کو موبائل فون چارج کرتے دیکھاجاتا ہے لیکن ایک ملازم ایسا بھی ہے جسے آفس میں فون چارج کرنے پر بجلی چور قرار دے دیا گیا۔
ویسے تو دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین سوشل میڈیا پر اپنے دفتر میں پیش آنے والے رویے اور واقعات کے حوالے سے پوسٹ کرتے رہتے ہیں لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک منفرد پوسٹ کے ذریعے ملازم نے باس کی جانب سے خود پر بجلی چور کے الزام کا انکشاف کیا۔
سوشل میڈیا ایپ ریڈٹ پر صارف میلوڈک نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے باس نے آفس میں موبائل فون چارج کرنے پر غصے سے چیخ و پکار کرتے ہوئے ان پر ذاتی استعمال کے لیے کمپنی کی بجلی چوری کرنے کا الزام لگایا۔
ملازم نے سوشل میڈیا صارفین سے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ میں ڈیسک کی جاب کرتا ہوں، میں سارا دن فون کا استعمال نہیں کرتا البتہ میں رات میں کبھی کبھی موبائل چارج کرنا بھی بھول جاتا ہو جس کے باعث مجھے آفس میں فون چارج کرنا پڑتا ہے تو اس پر آپ لوگوں کا کیا خیال ہے؟
اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے باس کو خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ایک صارف نے پوسٹ شیئر کرنے والے ملازم کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ‘باس سے کہو کہ آپ دفتر میں اپنا فون چارج نہیں کریں گے لیکن آپ موبائل پر دفتر سے کوئی کال موصول نہیں کریں گے کیونکہ کمپنی آپ کا ٹاک ٹائم اور بیٹری لائف چوری کر رہی ہے۔
تاہم تاحال یہ نہیں پتہ چل سکا ہے کہ پوسٹ کرنے والے صارف کا تعلق کس شہر اور کس ادارے سے ہے۔