دنیا بھر میں مہنگائی کی شرح میں کافی عرصے سے اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے، مگر ایپل کے آئی فونز اب بھی سب سے زیادہ فروخت ہو رہے ہیں۔
یہ بات ایک نئی رپورٹ میں سامنے آئی جس میں بتایا گیا کہ کونسے او ایل ای ڈی اسکرین والے فونز سب سے زیادہ فروخت ہوئے۔
ڈسپلے سپلائی چین کنسلٹنٹس (ڈی ایس سی سی) کی رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون 2023 کے دوران آئی فون 14 دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس عرصے کے دوران آئی فون 14 کا مارکیٹ شیئر 15.3 فیصد رہا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایپل کے آئی فونز ہی اس عرصے میں سب سے زیادہ فروخت ہوئے۔
آئی فون 14 کے بعد آئی فون 13، 11.1 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ دوسرا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون قرار پایا۔
10.7 فیصد شیئر کے ساتھ آئی فون 14 پرو میکس تیسرے جبکہ 9.2 فیصد شیئر کے ساتھ آئی فون 14 پرو کے حصے میں چوتھا نمبر آیا۔
گلیکسی ایس 23 الٹرا 5 ویں نمبر پر رہا۔
اس سے پہلے جنوری سے مارچ 2023 کے دوران بھی دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز میں ایپل کی ڈیوائسز کا ہی غلبہ تھا۔
اس عرصے میں آئی فون 14 پرو میکس دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون ثابت ہوا۔
اس کے بعد آئی فون 14 پرو دوسرے، آئی فون 14 تیسرے جبکہ آئی فون 13 چوتھے جبکہ گلیکسی ایس 23 الٹرا 5 ویں نمبر پر رہا۔