بھارت میں دو پڑوسیوں کے کتوں کی لڑائی کے بعد کتوں کے مالک بھی آپس میں جھگڑ پڑے اور ایک کتے کے مالک کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں دو پڑوسیوں کے درمیان کتوں کی لڑائی کے باعث ہونے والے جھگڑے میں ایک شخص نے جمع ہونے والے ہجوم پر فائرنگ کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راجپال رجاوت نامی شخص جو ایک پرائیویٹ کمپنی میں سکیورٹی گارڈ ہے، کتوں کی لڑائی کے بعد پڑوسی سے ہونے والے تنازع پر مشتعل ہو کر گھر گیا اور اسلحہ لاکر جمع ہونے والے ہجوم پر فائرنگ کر دی۔
اندور پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔