فیصل آباد: سانحہ جڑانوالہ میں جلاؤ گھیراؤ کے دوران مسیحی برادری کے گھروں کو آگ لگنے سے گھر میں موجود پرندے بھی زندہ جل گئے۔
گزشتہ دنوں جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچین کالونی اور عیسیٰ نگری میں گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔
گھروں کو آگ لگائے جانے کی صورت میں وہاں رہائش پذیر افراد گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے لیکن مشتعل افراد کی جانب سے گھروں کو آگ لگائے جانے کے نتیجے میں گھروں میں موجود پرندے زندہ جل گئے۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ اپنی جانیں بچانے کیلئے جلدی میں گھروں کو تالے لگا کرنکل گئے تھے مگر جب 2 دن بعد واپس آئے تو گھر جلا ہوا تھا اور پنجروں میں بند طوطے بھی ہلاک ہوچکے تھے۔
واضح رہے کہ آئی جی پنجاب نے جڑانوالا میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں ملوث 170 ملزمان کی فہرست تیار کی تھی جس میں سے 160 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔