بٹگرام واقعہ: چیئر لفٹ کا مالک اور آپریٹر گرفتار

پشاور: بٹگرام میں پیش آئے واقعے پر چیئر لفٹ کے مالک اور آپریٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق چیئرلفٹ کے مالک اور آپریٹر کو گرفتار کرنے کے ساتھ چیئرلفٹ کنٹرول روم کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ہزارہ ڈویژن کے مطابق ایف آئی آر میں کوتاہی برتنے کی 5 دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے جوانوں اور مقامی افراد نے مل کر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا تھا، آرمی ایوی ایشن کے 5 اور پاک فضائیہ کے 2 ہیلی کاپٹرز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، پاک فوج کے کمانڈوز نے دو بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا جبکہ اندھیرا ہونے کے بعد فضائی آپریشن روک کر گراؤنڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

چیئر لفٹ میں پھنسنے کا واقعہ

بٹگرام کے گاؤں لوائی میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے، بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔

چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا تھا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں