چاند پر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے یا بولنگ؟ سابق بھارتی کرکٹر کا دلچسپ تبصرہ

گزشتہ روز بھارتی خلائی مشن چندریان تھری چاند پر اترا تو دنیا بھر سے بھارت کو مبارکبادی پیغامات دیے جا رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر کچھ دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

اسی حوالے سے بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم جعفر نے بھی سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر چاند کی سطح کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک دلچسپ کیپشن بھی تحریر کیا۔

وسیم جعفر نے لکھا کہ بلکل اس طرح کی سطح پر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے، میں اس قسم کی وکٹ پر 3 اسپنر، ایک سیمر (فاسٹ بولر) اور ایک آل راؤنڈر کے ساتھ جاؤں گا، سابق بھارتی کرکٹر نے اپنی تحریر کے ساتھ دو ایموجی بھی شامل کیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت چاند کے جنوبی قطب تک پہنچنے والا دنیا کا پہلا جبکہ چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بنا۔ بھارت سے قبل امریکا، روس اور چین چاند کے خط استوا کے قریب سافٹ لینڈنگ کر چکے ہیں۔

یاد رہے بھارت نے اس سے پہلے بھی چاند کے جنوبی قطب کے لیے دو بار مشن روانہ کیے تھے جو ناکام ہوگئے تھے، بھارت نے چندریان تھری مشن 14 جولائی کو ریاست آندھرا پردیش سے روانہ کیا جو 40 دن کے طویل سفر کے بعد گزشتہ روز چاند پر کامیابی کے ساتھ اترا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں