2023 کا سب سے روشن اور بڑا چاند اگست کے اختتام پر طلوع ہوگا اور وہ ایک نایاب خلائی ایونٹ بھی ہے۔
درحقیقت ایسا نظارہ دوبارہ دیکھنے کے لیے کئی برس تک انتظار کرنا ہوگا۔
31 اگست کی شب آسمان پر جگمگانے والے چاند کو سپر بلیو مون کہا جائے گا۔
جب چاند زمین کے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے تو وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے اور اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔
دوسری جانب بلیو مون سے مراد یہ نہیں کہ چاند کا رنگ نیلگوں مائل ہو جائے گا بلکہ انگریزی مہینے میں دوسری بار دکھائی دینے والے چودھویں کے چاند کو بلیو مون کہا جاتا ہے۔
31 اگست کو طلوع ہونے والا سپر مون اس مہینے میں دوسرا مکمل چاند ہوگا تو اسے سپر بلیو مون کہا جائے گا۔
اس سے پہلے دنیا بھر میں لوگوں کو یکم اگست کو سپر مون دیکھنے کا موقع ملا تھا۔
سپر بلیو مون کو دیکھنے کے لیے 31 اگست تک انتظار کرنا ہوگا جو معمول سے 7.2 فیصد بڑا اور 15.7 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔
درحقیقت 31 اگست کا سپر مون اس سال کا سب سے روشن چاند بھی ہوگا جو نیلا تو نہیں مگر ہلکا سا نارنجی ضرور نظر آسکتا ہے۔
اس سے قبل آخری بار سپر بلیو مون 5 سال قبل 2018 میں دیکھنے میں آیا تھا مگر اس وقت وہ سرخی مائل تھا کیونکہ اس موقع پر چاند گرہن بھی ہوا تھا۔
اس طرح کے چاند کو سپر بلیو بلڈ مون کہا جاتا ہے۔
اس مہینے کا سپر بلیو مون اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ اس کے بعد ایسا نظارہ دیکھنے کے لیے جنوری 2037 تک انتظار کرنا ہوگا۔