بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی بھارت کے فٹ ترین کرکٹر نہ رہے، ان کی اپنی ہی ٹیم کے کھلاڑی نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فٹنس ٹیسٹ میں شبمن گل کوہلی سے آگ نکل گئے، شبمن کا یویو ٹیسٹ میں اسکور 18.7 آیا ہے، جب کہ ویرات کوہلی نے سوشل میڈیا پر اپنا ریزلٹ 17.2 بتایا تھا۔
ایشیا کپ کی تیاری کے لیے لگائے جانے والے کیمپ میں بھارتی کرکٹرز کے یویو ٹیسٹ لیے گئے تھے جس میں شبمن گل کا سب سے بہتر ریزلٹ آیا ہے، اس ٹیسٹ میں کٹ آف لیول 16.5 اسکور رکھا تھا۔
شبمن گل کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کا ریزلٹ 16.5 سے 18 کے درمیان رہا، جسپریت بمراہ سمیت پانچ کرکٹرز کے یویو ٹیسٹ ابھی ہونا باقی ہیں، دیگر کرکٹرز نے ٹیسٹ پاس کر لیے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ویرات کوہلی کے سوشل میڈیا پر ریزلٹ پوسٹ کرنے کا بھارتی بورڈ نے برا منایا تھا، بھارتی بورڈ نے زبانی طور پر کھلاڑیوں کو وارننگ دی تھی اور ریزلٹ پوسٹ کرنے سے منع کیا تھا۔