ایران نے ورلڈ ماسٹر ویٹ لفٹ چیمپئن شپ کے دوران اسرائیلی ویٹ لفٹر سے ہاتھ ملانے والے ایرانی ویٹ لفٹر پر تاحیات پابندی عائد کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ میں کھیلی جانے والی ورلڈ ماسٹر ویٹ لفٹ چیمپئن شپ 2023 میں ایرانی ویٹ لفٹر مصطفیٰ راجائی دوسری جب کہ اسرائیلی ویٹ لفٹر مسکن سورسکی تیسری پوزیشن پر رہے۔
مقابلے کے بعد پوڈیم پر کھڑے ایرانی ویٹ لفٹر کو اسرائیلی ویٹ لفٹر مسکن سورسکی سے مصافحہ کرتے دیکھا گیا۔
اس موقع پر دونوں ایتھلیٹس اپنے اپنے ملک کے پرچم اوڑھے دیکھے گئے تاہم اس ایونٹ کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں ایرانی ویٹ لفٹر کو اسرائیلی ویٹ لفٹر سے مصافحہ کرتے اور پھر دونوں کو ایک ساتھ تصویر بنواتے بھی دیکھا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اب ایران کی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے راجائی کے اسرائیلی ایتھلیٹ سے ہاتھ ملانے کے عمل کو ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے ان پر تاحیات پابندی عائد کردی ہے۔
اس کے علاوہ راجائی پر کھیلوں کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایران کے کئی کھلاڑی اسرائیلی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے انکار کرچکے ہیں۔