کراچی: پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو انسداد دہشتگردی کی عدالت سے ضمانت ملنے کے فوری بعد ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا۔
پولیس نے حلیم عادل شیخ کو گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پولیس نے 9 مئی سے متعلق کیس میں حلیم عادل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنےکا حکم دیا۔
ضمانت ملنے کے بعد عدالت سے نکلتے ہی پریڈی تھانے کی پولیس نے حلیم عادل شیخ کو ایک نئے مقدمے میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کےخلاف گزشتہ روز پریڈی تھانےمیں مقدمہ درج ہوا تھا جس میں کارسرکار میں مداخلت، بلوہ اور پولیس پر حملے کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ گزشتہ روز حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے دوران پولیس پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا تھا۔