بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ حنا خان نے قومی آل راؤنڈر شاداب خان کے حریف ٹیم بھارت کے کھلاڑی ہاردک پانڈیا کے جوتے کے تسمے باندھنے پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
2 ستمبر بروز ہفتے کو ایشیا کپ ون ڈے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ ہوا جو کہ بارش کی نذر ہوگیا اور یہ میچ بے نتیجہ ہی ختم ہوگیا لیکن میچ کے دوران کچھ ایسے لمحات مداحوں نے دیکھے جو برسوں یاد رکھے جائیں گے۔
ان ہی میں سے ایک بھارتی ٹیم کی بیٹنگ کے دوران دیکھنے کو ملا جب آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کریز پر بیٹنگ کررہے تھے تو ان کے جوتے کے تسمے کُھل گئے جنہیں مقابل ٹیم یعنی پاکستان کے کھلاڑی شاداب خان نے باندھا۔
یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو شاداب کے اس دل موہ لینے والے عمل کو ناصرف پاکستانیوں نے سراہا بلکہ بھارتیوں نے بھی اس کی دل کھول کر تعریف کی۔
اسی سلسلے میں حنا خان نے بھی انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی اور شاداب کو سراہا۔
حنا نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ‘رحمدلی میں شرافت ہوتی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کتنے ماڈرن، باصلاحیت، تعلیم یافتہ، امیر، غریب، آپ کا تعلق کس مذہب سے ہے، آپ کس ملک سے ہیں یا آپ کونسی زبان بولتے ہیں’۔
بھارتی اداکارہ نے لکھا ‘آپ لوگوں سے کیسا رویہ اختیار کرتے ہیں، یہ اصل میں آپ کی حقیقت بتاتا ہے’۔ ساتھ ہی حنا نے مداحوں کو ‘رحمدلی’ اپنانے کا مشورہ بھی دیا۔