پاکستان کی سینئر اداکارہ و فلم ساز سنگیتا کا کہنا ہے کہ چھوٹی عمر کی لڑکیاں شوہروں کے ساتھ جلد ایڈجسٹ کرلیتی ہے اور یہی وجہ ہے وہ بچیوں کی کم عمری میں شادی کردینے کے حق میں ہیں۔
سینئر اداکارہ سنگیتا حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک مارننگ شو میں شریک ہوئی تھیں جس دوران میزبان ندا یاسر نے ان سے بیٹیوں کی جلد شادی کردینے سے متعلق سوال کیا۔
میزبان کے سوال کے جواب میں سنگیتا نے بتایا کہ میری تینوں بیٹیوں کی شادیاں مکمل طور پر ارینج میرج تھیں جس کیلئے دامادوں کو پسند میں نے خود کیا۔
سنگیتا آپا کے مطابق میں نے اپنی پہلی بیٹی کی شادی 14 سال کی عمر میں کی، 15 سال کی عمر میں بیٹی ماں بن گئی تھی، دوسری بیٹی کی شادی 16 سال کی عمر میں لگتے ہی کردی تھی اس کے اب 5 بچے ہیں جو بڑے ہوکر اس جیسے ہی لگتے ہیں۔
اداکارہ نے بیٹیوں کی جلد شادی کردینے سے متعلق وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں چونکہ کام کرتی تھی تو اس دوران گھر میں بیٹیاں اکیلی رہ جاتی تھیں میں ان کیلئے خوفزدہ رہتی تھی۔
دوران شو میزبان نے اداکارہ سے چھوٹی عمر میں بیٹیوں کی شادی کے تجربے سے متعلق سوال کیا جس پر اداکارہ نے بتایا کہ میرا یہ تجربہ بہت اچھا رہا کیوں کہ میرا خیال ہے کہ چھوٹی عمر کی لڑکیاں ایڈجسٹ کرجاتی ہیں جو لڑکیاں بہت عمر کی ہوجائیں مثلاً 25 یا 26 سال کی ہوجائیں تو پھر وہ شوہروں کے ساتھ مشکل سے سیٹ ہوتی ہیں۔