لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ایسے حکمرانوں سے بچنا ہوگا جنہوں نے ملک کو تباہ کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ جنہوں نے ملک کے اداروں کو تباہ کیا ان سے حساب لینا ہوگا، عوام ظلم اورکرپشن کے نظام کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔
سراج الحق نے کہا کہ محمد مصطفیٰﷺ کے بعدکوئی نبی نہیں، جو اس پریقین نہ رکھے وہ مسلمان نہیں، بطور مسلمان ہم پر فرض ہےکہ ختم نبوت پرپہرہ دیں، امت کو متحد ہونا ہوگا اس کے بعد ہی اسلام کو سربلندی حاصل ہوگی، پاکستان کو مختلف بحرانوں سےنکالنے کا واحد حل اسلامی نظام ہے، مسلمانوں میں نظریاتی انتشار کیلئے ایک فتنہ پیدا کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلامی نظام نافذکرکے ہی ملک کو مشکلات سے باہر نکالا جاسکتا ہے، ایسے حکمرانوں سے بچنا ہوگا جنہوں نے ملک کو تباہ کیا ہے، جنہوں نے ملک کے اداروں کوتباہ کیا ان سے حساب لینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ استحصال کا خاتمہ کرکے ملک کوبحرانوں سے نکالنے کیلئے ظالموں کامقابلہ کرنا ہوگا۔