عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سعودی عرب کو 2022 میں جی 20 ممالک میں تیز ترین ترقی کرنے والی معیشت قرار دیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق سعودی عرب میں 2022 کے دوران تیل کے علاوہ معیشت میں 4.9 فیصد اضافہ ہوا، سعودی عرب نے تیل کے علاوہ پیداوار میں واضح ترقی کی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق سال 2022 میں سعودی عرب جی 20 ممالک میں تیز ترین ترقی کرنے والا ملک تھا جس کی مجموعی شرح نمو 8.7 فیصد تھی جس میں آئل پروڈکشن اور 4.8 فیصد نان آئل پروڈکشن شامل تھی۔
آئی ایم ایف کے مطابق نان آئل سیکٹرز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے سیکٹرز میں ہول سیل، ریٹیل، کنسٹرکشن اور ٹرانسپورٹ کا شعبہ ہے۔
عالمی ادارے کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں 2022 کے اختتام تک بے روزگاری کی شرح بھی اپنی کم ترین سطح 4.8 فیصد پر رہی جو کووڈ کے دوران 9 فیصد پر پہنچ گئی تھی۔
آئی ایم ایف نے سعودی عرب میں خواتین کو بااختیار بنانے اور لیبر مارکیٹ میں خواتین کی حصہ داری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔