میئر شپ سے متعلق بلاول کے بیان پر دنیا ہنس رہی ہے: ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم

ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان انیس قائمخانی کا کہنا ہے کہ حیدر آباد کی میئر شپ سے متعلق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر دنیا ہنس رہی ہے۔

گزشتہ روز حیدر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سب کو پتہ ہے حیدرآباد میں مسائل ہیں لیکن کام صرف پیپلز پارٹی نےکیا، اتنی کردار کشی کی گئی کہ صرف سندھ میں کچرا ہوتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ باقی ملک میں تو کچرا ہوتا ہی نہیں ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا یہ بھی کہنا تھا ایم کیو ایم کے دور میں حیدرآباد میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہوتے تھے، پھر وہ اس کچرے پر اپنی سیاست کرتے تھے، اس پروپیگنڈے کو آپ نے میرے لیے توڑنا ہے، ہمارے چند اتحادی اور سیاسی جماعتیں الیکشن سے بھاگ رہی ہیں، ایم کیو ایم والے ڈر گئے ہیں، میئر تو دور کی بات وہ اپنے 2 ٹاؤن نہیں بچا سکے۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا ہماری اور دوسری بسوں میں فرق ہے، ہم نے کوئی فینسی برج نہیں بنوائے، ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو سفری سہولت ملے، میں نےکہا 50 روپےکرائے پر ایئر کنڈیشنڈ بس کا سفر یقینی بنایا جائے، ذوالفقار علی بھٹو نے بسوں کا سسٹم شروع کیا لیکن ضیاءالحق نے آکر اسے ختم کر دیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کی میئر شپ سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر دنیا ہنس رہی ہے۔

انیس قائمخانی کا کہنا تھا لگتا ہے بلاول بھٹو زرداری کو ان کے پاپا نے نئی نوکری پر لگا دیا ہے، پیپلز پارٹی کے قیام سے آج تک کراچی اور حیدرآباد نے پیپلز پارٹی کو ہمیشہ مسترد کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں